پاکستان میں پہلی بار وزارت بجلی کی جانب سے صارفین کو گھر بیٹھے بجلی کی فراہمی اور اس کے بل سے آگاہ کرنے کے لیے ایک ایپ جاری کی گئی ہے۔
اس ایپ کا نام "روشن پاکستان" رکھا گیا ہے۔ اسے ڈاؤن لوڈ اور انسٹال کرنے کے بعد صارفین اپنے علاقے میں بجلی کی فراہمی سے متعلق معلومات بروقت حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ بلنگ سے متعلق معلومات جان سکتے ہیں اور یہ بھی کہ آپ کا بجلی کا بل ممکنہ طور پر کتنا ہو سکتا ہے کیونکہ اس ایپ میں حساب لگانے کا پورا نظام موجود ہے۔
روشن پاکستان ایپ کا افتتاح وفاقی وزیر اویس احمد لغاری نے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے 4 سال بجلی کی پیداوار اور فراہمی کو بہتر بنانے میں لگا دیئے جبکہ رواں سال خدمات کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
(جاری ہے)
اردو و انگریزی زبان میں دستیاب روشن پاکستان ایپ میں چار بنیادی خصوصیات یہ ہیں: لوڈ شیڈنگ شیڈول، بل سے متعلق معلومات، نیٹ میٹرنگ اور بل کیلکولیٹر۔
صارفین اس ایپ کے ذریعے طے شدہ لوڈ شیڈنگ شیڈول دیکھ کر حقیقی لوڈ شیڈنگ سے اس کا موازنہ کر سکتے ہیں۔ نیز صرف ریفرنس نمبر درج کرکے اپنے متعلقہ فیڈر پر نیٹ میٹرنگ کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔
اویس لغاری کے مطابق ان معلومات کی صارفین تک بآسانی فراہمی سے محکمہ بجلی کو شفاف بنایا جا رہا ہے اور یہ براہ راست عوام کو جواب دہ ہوگا۔
0 Comments